تہران23جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ایران میں دہشت گرد کارروائی کی منصوبہ بندی کرنے والے40دہشت گرد پکڑے گئے۔ دہشت گرد فوجی اہداف اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، اس مقصد کیلئے دہشت گردوں نے ایک سرنگ بھی بنا رکھی تھی۔ ایرانی وزیر داخلہ عبد الرضا رحمانی فضلی کے مطابق ایرانی حکام نے ایک دہشت گرد گروپ کے 40 ارکان کو گرفتار کیا ہے،جو ملک کے جنوب مشرقی حصے میں دہشت گرد کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ گرفتار افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے، دہشت گردوں نے 40میٹر لمبی اور 20میٹر گہری سرنگ بھی بنا رکھی تھی، دہشت گردوں کے پاس جدید ہتھیار بھی تھے۔ایران کا جنوب مشرقی صوبہ سیستان پاکستان اور افغانستان کی سرحد سے ملتا ہے، جہاں کچھ ہفتے قبل ایرانی فورسز اور مسلح گروپوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی تھیں۔